اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنی کرسی بچانے اور علی امین گنڈاپور سے جان چھڑانے کے لیے احتجاج کی کال دی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وفاقی حکومت کو کسی قسم کا خطرہ نہیں، احتجاج کی کالیں اور سیاسی ہنگامہ آرائی پی ٹی آئی کا اندرونی معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر ہر شخص اپنی سیاسی بقا اور مفادات کی جنگ لڑ رہا ہے، پارٹی کے اندرونی اختلافات اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ انہیں کسی بیرونی مخالفت کی ضرورت نہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں چند لوگ سیاسی سوچ رکھتے ہیں جبکہ باقی عناصر محاذ آرائی کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، یہ لوگ خود ہی ایک دوسرے کے لیے کافی ہیں۔
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے احتجاج کی کال دراصل اپنی سیاسی پوزیشن اور عہدہ بچانے کی کوشش ہے، جبکہ اس کے ذریعے علی امین گنڈاپور سے جان چھڑانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کے احتجاج کی کال پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات اور باہمی کشمکش کا نتیجہ ہے اور یہ احتجاج وفاقی حکومت کے خلاف نہیں بلکہ ان کی اپنی اندرونی جنگ ہے۔
شرجیل میمن کے بیانات سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ وہ ان کے بیانات پر کسی قسم کا ردعمل نہیں دیں گے۔