اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کرنے کی درخواست جمع کروا دی ہے۔ درخواست میں 74 اپوزیشن ارکان کے دستخط شامل ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی اور سیکرٹری قومی اسمبلی کی غیر موجودگی میں یہ درخواست اسپیشل سیکرٹری مشتاق احمد کو جمع کرائی گئی، جنہوں نے درخواست وصول کر کے اسے ایڈوائزر آفس میں ڈائری نمبر دے دیا۔
درخواست اسد قیصر، پی ٹی آئی کے چیف وہیپ ملک عامر ڈوگر، ترجمان حسین احمد یوسفزئی اور وکیل خالد یوسف چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کی نمائندگی میں جمع کروائی۔ اپوزیشن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا قائد مقرر کیا جائے کیونکہ انہیں اکثریتی ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
قومی اسمبلی کے قواعد کے مطابق اسپیکر کی منظوری کے بعد محمود خان اچکزئی باضابطہ اپوزیشن لیڈر کے طور پر تسلیم کیے جائیں گے۔ اس معاملے پر آگے کی کارروائی اب اسپیکر کے دفتر کی جانب سے کی جائے گی۔