چترال کے سیلاب متاثرین کیلئے سندھ حکومت کا بڑا امدادی پیکیج روانہ

فہرستِ مضامین

کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر سندھ کے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے چترال کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی ترسیل شروع کردی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ سلمان شاہ کے مطابق چترال روانہ کیے جانے والے امدادی سامان میں 400 خیمے، 400 کچن سیٹس، 18 فلٹریشن پلانٹس، 30 واٹر ٹینکس اور 2 ہزار کمبل شامل ہیں۔

سلمان شاہ نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے 6 ہزار 300 فٹ طویل پائپ لائن بچھانے کے لیے درکار پائپس بھی روانہ کیے جارہے ہیں۔ ان پائپس میں نصف انچ سے لے کر 8 انچ قطر تک مختلف سائز کے پائپس شامل ہوں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرین کیلئے 400 راشن بیگز کی تیاری اور پیکنگ کا عمل بھی جاری ہے، جنہیں مکمل ہوتے ہی ترجیحی بنیادوں پر چترال روانہ کردیا جائے گا۔

مشیر برائے بحالی گیانچند ایسرانی نے کہا کہ سندھ حکومت اور پی ڈی ایم اے سندھ مشکل کی اس گھڑی میں چترال کے متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔

گیانچند ایسرانی کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات کسی ایک علاقے یا صوبے تک محدود نہیں ہوتیں، ایسے مشکل حالات میں ایک دوسرے کی مدد کرنا قومی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ امدادی سامان چترال میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی انتظامیہ کی امدادی سرگرمیوں میں بھی معاونت کرے گا۔

سندھ حکومت کے مطابق امدادی سامان کی ترسیل کا مقصد سیلاب متاثرین کی فوری ضروریات پوری کرنا اور انہیں خوراک، رہائش اور صاف پانی کی سہولت فراہم کرنے میں مدد دینا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں