چراغاں، درود و سلام اور عقیدت؛ ملک بھر میں جشنِ میلادالنبی ﷺ

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: ملک بھر میں رحمت اللعالمین، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مساجد، گھروں، سرکاری و نجی عمارتوں، گلیوں اور بازاروں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے۔

عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں محافل میلاد، نعت خوانی اور خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جبکہ درود و سلام کی صداؤں سے فضائیں معطر ہیں۔ شہری آقائے دو جہاں ﷺ سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

دن کا آغاز نماز فجر کے بعد لاہور اور پشاور میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

کراچی میں عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں مختلف علاقوں کو برقی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ شہر میں جگہ جگہ میلاد کی محافل اور ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر تبرکات کی زیارت اور مسجد نبوی ﷺ اور خانہ کعبہ کے ماڈلز بھی رکھے گئے ہیں۔

لاہور میں مساجد، گھروں، سڑکوں اور سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں محافل نعت اور میلاد کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جہاں ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔

پشاور میں بھی جشن میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں نعت خوانی اور محافل میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے، جبکہ عاشقان رسول ﷺ بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

کوئٹہ میں مختلف مقامات پر چراغاں کیا گیا ہے اور محافل نعت کے ساتھ میلادالنبی ﷺ کے جلوس بھی نکالے جا رہے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی جشن میلادالنبی ﷺ کے رنگ میں رنگ گیا ہے۔ شہر کی مساجد اور اہم عمارتوں کو برقی روشنیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ مختلف مقامات پر خصوصی عبادات اور محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس دوپہر ڈھائی بجے شہید مسجد کھارادر سے برآمد ہوگا۔ جلوس نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزار حبیب مسجد پہنچے گا جہاں عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔

ملک کے دیگر شہروں میں بھی عید میلادالنبی ﷺ کے جلوس اور مختلف مذہبی تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر کراچی میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے کے الیکٹرک نے آج شہر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں