چیف الیکشن کمشنر48 گھنٹے میں استعفیٰ دیں: کاکروچ جنتا پارٹی

فہرستِ مضامین

بھارت میں ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق پارٹی نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں استعفیٰ نہ دیا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔

یہ مطالبہ ایک بھارتی اخبار کی رپورٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران دو الیکشن کمشنرز نے ووٹر فہرستوں کی تیاری اور ترمیم کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کے سامنے کم از کم 14 مرتبہ سوالات یا تحفظات اٹھائے۔

رپورٹ کے مطابق اعتراضات نئے ووٹرز کے اندراج، ووٹرز کے نام فہرستوں سے خارج کرنے اور دوبارہ شامل کرنے کے طریقہ کار سے متعلق تھے۔

دونوں الیکشن کمشنرز نے نئے ووٹرز کے اندراج کے لیے آن لائن فارم 6 میں کی گئی ایک تبدیلی پر بھی اعتراض کیا۔ فارم میں یہ سوال شامل کیا گیا تھا کہ آیا نئے ووٹر، ان کے والدین یا دادا دادی کے نام پرانی ووٹر فہرست میں موجود تھے یا نہیں۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ اس سوال کے ساتھ اسے لازمی قرار دینے کا نشان موجود نہیں تھا، تاہم آن لائن نظام میں جواب دیے بغیر فارم آگے بڑھانے کی اجازت نہیں تھی۔ اعتراض کرنے والے الیکشن کمشنرز کے مطابق فارم 6 میں ایسی تبدیلی کے لیے متعلقہ قانون میں ترمیم ضروری تھی۔

رپورٹ سامنے آنے کے بعد ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے سربراہ ابھیجیت ڈِپکے نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر گیانیش کمار نے 48 گھنٹوں کے اندر استعفیٰ نہ دیا تو پارٹی ملک گیر احتجاج شروع کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے بغیر اپنی احتجاجی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں