کراچی: چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ اور وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی مشترکہ صدارت میں کراچی کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کے انفراسٹرکچر، ٹریفک، پانی، سیوریج، کچرے، تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات سمیت مختلف معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات، گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری، کراچی پولیس چیف، ڈی آئی جی ٹریفک سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ کراچی کے مسائل کسی ایک ادارے کی انفرادی کارروائی سے حل نہیں ہوسکتے، اس کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تمام ادارے مشترکہ اور مقررہ مدت پر مشتمل جامع لائحہ عمل تیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عارضی مہمات کے بجائے شہر کے دیرینہ مسائل کا مستقل اور قابلِ عمل حل پیش کیا جائے۔
نئی سڑکوں کی بار بار کھدائی روکنے کا فیصلہ
چیف سیکریٹری سندھ نے نئی تعمیر ہونے والی سڑکوں کی بار بار کھدائی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مختلف اداروں کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے پہلے سے مشترکہ منصوبہ بندی کرنا ہوگی تاکہ ایک ادارے کے کام کے بعد دوسرا ادارہ دوبارہ سڑکیں نہ کھودے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ترقیاتی منصوبوں کے حقیقی فوائد بہتر سڑکوں، موثر نکاسی آب اور معیاری بلدیاتی سہولتوں کی صورت میں نظر آنے چاہئیں۔
وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو فیلڈ مانیٹرنگ مزید بہتر بنانا ہوگی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانا ہوگی۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہر کی اہم شاہراہوں، فٹ پاتھوں، برساتی نالوں اور سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد دوبارہ قبضے کی روک تھام کے لیے مؤثر اور مستقل نگرانی کا نظام قائم کیا جائے گا۔
ٹریفک جام کے لیے علاقے کی بنیاد پر منصوبہ بندی
کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل پر بھی اجلاس میں تفصیلی غور کیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت کی کہ ٹریفک جام کے بڑے مقامات کی نشاندہی کی جائے اور ہر علاقے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے الگ ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کیا جائے۔
اجلاس میں پانی، سیوریج، کچرے کی صفائی، غیر قانونی تعمیرات اور شہر کے انفراسٹرکچر سے متعلق مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اجلاس کو کراچی کو درپیش اہم بلدیاتی مسائل اور ان کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے مختلف سرکاری اداروں کے درمیان رابطہ اور تعاون مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔