ڈالا کلچر‘ ختم ہونا چاہیے: مرتضیٰ وہاب

فہرستِ مضامین

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جامعہ کراچی کے اساتذہ پر صفورا چورنگی کے قریب تشدد کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے شہر میں ’ڈالا کلچر‘ ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بڑوں اور بالخصوص اساتذہ کا احترام سب پر لازم ہے۔ جامعہ کراچی کے استاد عارف صاقی پر تشدد کا واقعہ افسوسناک ہے اور اس کا مقدمہ بھی درج ہوچکا ہے۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر میں ہر شخص اپنے ساتھ گارڈ لے کر گھوم رہا ہے، اس طرزِ عمل کو ختم کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق قانون کی بالادستی کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

جماعت اسلامی کے پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ احتجاج ہر شخص کا حق ہے، تاہم اسے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کیا جانا چاہیے اور عوام کو مشکلات میں نہیں ڈالنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جس شاہراہ سے لاکھوں لوگ روزانہ گزرتے ہیں اسے بند کرنا مناسب نہیں، کیونکہ ٹریفک میں پھنسنے سے شہریوں کا وقت اور ایندھن دونوں ضائع ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی احتجاج کے لیے کوئی متبادل مقام استعمال کرے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دنیا بھر میں معاشی مسائل موجود ہیں جن کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں، تاہم عوام کے مسائل کے حل کے لیے انہیں مزید مشکلات میں ڈالنا درست نہیں۔

میئر کراچی نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ سڑکوں پر کام کرتی نظر آرہی ہے، اگرچہ کام کرنے کے طریقہ کار پر اختلاف ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

پانی کی تقسیم سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر سیاسی کشیدگی ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ سٹی کونسل کے اجلاس میں رہنمائی کی جائے کہ پانی کی تقسیم کا بہتر طریقہ کار کیا ہونا چاہیے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ وہ خود اور وزیراعلیٰ سندھ جب شہر میں نکلتے ہیں تو ان کے ساتھ کوئی ’ڈالا‘ نہیں ہوتا، اس لیے شہر میں وی آئی پی کلچر کے بجائے قانون کی پاسداری کو فروغ دینا چاہیے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں