ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول پر گزشتہ رات خودکش حملہ کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں 5 دہشتگرد مارے گئے جبکہ افسوسناک طور پر 7 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈی ایس پی حافظ محمد عدنان کے مطابق حملہ رات تقریباً ساڑھے 8 بجے کیا گیا۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے مشترکہ طور پر آپریشن کیا جو رات گئے مکمل کیا گیا۔
ڈی ایس پی نے بتایا کہ آپریشن کے دوران خودکش بمبار سمیت پانچ دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق 13 زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
ڈی جی پبلک ریلیشنز خیبرپختونخوا کے مطابق حملے کے وقت ٹریننگ اسکول میں موجود 200 پولیس اہلکاروں اور ریکروٹس کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔ آپریشن کے دوران ٹریننگ اسکول اور نادرا آفس کو مکمل طور پر کلیئر کردیا گیا۔
ڈی پی او ڈیرہ کے مطابق حملے کے وقت ٹریننگ اسکول میں تقریباً دو سو کے قریب ٹرینی، اساتذہ اور اسٹاف موجود تھا جنہیں بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بتایا کہ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر قرار دے دیا گیا ہے اور اب سرچ اینڈ کلین آپریشن جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے۔
آپریشن میں ایس ایس جی کمانڈوز، البرق فورس، ایلیٹ فورس اور پولیس کے جوانوں نے حصہ لیا۔
انہوں نے آر پی او اور ڈی پی او کی قیادت میں کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ آئی جی پی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے تمام افسروں اور جوانوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔