راولپنڈی ( ویب ڈیسک ) پاک فوج نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، کارروائی میں 33 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق7 اور 8 اگست کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے عمومی علاقے سمبازہ میں پاکستان افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش ںاکام بنا دی۔
سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف سمبازہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اس دوران 33 خارجی ہلاک ہوگئے۔
افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کررہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے موثر انداز میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی۔ ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار، گولیاں اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔
پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
میجر سمیت 3 فوجی جوان شہید
دو روز قبل بلوچستان کے علاقے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کی آئی ای ڈی سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی ٹکرا گئی تھی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آئی ای ڈی دھماکے میں میجر محمد رضوان طاہر سمیت 3 فوجی جوان شہید ہو گئے۔ شہدا میں نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس شامل ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
فتنہ ہندوستان کیا ہے؟
پاکستان میں دہشتگردی کی حالیہ لہر کے پسِ پشت بھارت کی ریاستی سرپرستی میں سرگرم پراکسیز کا گٹھ جوڑ کو فتنہ ہندوستان قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان نے ماضی میں بھی متعدد بار عالمی برادری کے سامنے بھارتی ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد پیش کیے ہیں۔
بھارت کے دہشتگرد چہرے کو ماضی میں بھی عالمی سطح پر بے نقاب کیا گیا ہے۔ بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو بلوچستان سے گرفتار ہوا تھا، جس نے اعتراف کیا کہ وہ پاکستان میں تخریبی اور دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھا۔ بلوچستان میں ہتھیار ڈالنے والے دہشتگردوں کے بیانات سے بھی بھارتی مداخلت کے واضح شواہد سامنے آئے۔