کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے بھارت بھر میں جنتر منتر کی طرز پر احتجاجی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پارٹی ترجمان سورو داس کے مطابق ’جنتر منتر سیزن 2‘ کا آغاز جلد کیا جائے گا، جسے ملک کے مختلف حصوں میں جاری احتجاجی مہم کا اگلا مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی جے پی نااہل حکومتوں اور سرکاری افسران کے خلاف عوامی آواز بلند کرنے کے لیے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
سورو داس نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے ملک گیر ’لسننگ ٹور‘ بھی شروع کیا جا رہا ہے، جس کے دوران عوام سے براہِ راست ملاقات کرکے ان کے مسائل اور آرا سنی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ 15 اگست سے ایک خصوصی مہم شروع کی جائے گی جس میں تعلیم کے شعبے کو اولین ترجیح حاصل ہوگی۔ پارٹی نے والدین اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں کے سرکاری اسکولوں کا دورہ کریں، تعلیمی اداروں کی صورتحال کا جائزہ لیں اور مسائل کی نشاندہی کرکے انہیں عوام کے سامنے لائیں۔
سی جے پی ترجمان کے مطابق شہریوں کو صرف مسائل اجاگر کرنے کے بجائے ان کے حل کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان اب ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں اور پارٹی کو امید ہے کہ ملک مستقبل میں ایک حقیقی ترقی یافتہ بھارت کی جانب بڑھے گا۔
سی جے پی کے بانی ابھیجیت ڈپکے پہلے ہی ’جنتر منتر سیزن 2‘ شروع کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ پارٹی کا پہلا احتجاج 37 روز تک جاری رہنے کے بعد 25 جولائی کو اختتام پذیر ہوا تھا۔