متحدہ عرب امارات نے دبئی سے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آنے والے واقعے کو دہشتگردی قرار دے دیا ہے، جس کے باعث طیارے کو سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
اماراتی پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق پرواز کے معاون پائلٹ نے کاک پٹ میں موجود پائلٹ پر کلہاڑی سے حملہ کیا اور اس کے بعد طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی۔
پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ معاون پائلٹ نے مبینہ طور پر اس کارروائی کی پہلے سے منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے حالات، محرکات اور ممکنہ روابط کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ کیس سے متعلق ٹھوس اور ڈیجیٹل شواہد کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
دوسری جانب فلائی دبئی کے ترجمان نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، اس لیے ایئرلائن فی الحال اس معاملے پر تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق واقعے میں ملوث معاون پائلٹ عمان کا شہری ہمام الحمامی ہے۔