کراچی اور حیدرآباد میں 500 الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری

فہرستِ مضامین

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) پالیسی بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں کراچی اور حیدرآباد کے لیے 500 الیکٹرک بسوں کی خریداری کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ “پیپلز گرین ٹرانسپورٹ منصوبے” کے تحت ان الیکٹرک بسوں کو مرحلہ وار چلایا جائے گا، جس میں ڈپو، چارجنگ انفراسٹرکچر، بس شیلٹرز، خودکار کرایہ وصولی اور جدید شہری ٹرانسپورٹ نظام بھی شامل ہوگا۔

منصوبہ روزانہ دو لاکھ سے زائد مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرے گا، جب کہ یہ بسیں گرین لائن بی آر ٹی سے منسلک ہوں گی تاکہ عوام کو ایک مؤثر اور ماحول دوست سفری نظام مہیا کیا جا سکے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبہ 12 سالہ رعایتی مدت کے تحت ڈی بی ایف ایم او ٹی ماڈل پر مکمل کیا جائے گا، جس کے لیے سرمایہ کاروں کو شامل کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس منصوبے کو صوبے میں ماحولیاتی تحفظ اور جدید شہری سفری سہولیات کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

کراچی پورٹ تا قیوم آباد ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کی منظوری

اجلاس میں کراچی پورٹ سے قیوم آباد تک 16.5 کلومیٹر طویل اور 4 لین پر مشتمل ایلیویٹڈ فریٹ ایکسپریس وے کی تعمیر کی منظوری بھی دی گئی۔

اس منصوبے سے نہ صرف کراچی پورٹ سے آمد و رفت کا دباؤ کم ہوگا بلکہ شہری سڑکوں پر بھاری ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔ منصوبہ 25 سالہ آپریشن و مینٹیننس ماڈل پر مکمل ہوگا۔

جناح اور چانڈکا اسپتال کی ریڈیالوجی و لیب سروسز آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ

اجلاس میں لاڑکانہ کے چانڈکا اسپتال اور کراچی کے جناح اسپتال میں ریڈیالوجی اور تشخیصی لیبارٹریز کی سروسز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس اقدام کا مقصد جدید تشخیصی سہولیات کی فراہمی اور مریضوں کو بروقت نتائج مہیا کرنا ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں دیگر منصوبوں کی منظوری دی گئی جس میں جامشورو اور مٹیاری میں 41 ہزار ہیکٹرز پر دریائی جنگلات لگانے، ضلع ٹھٹھہ میں ٹماٹر کلسٹر پراسیسنگ منصوبے کے قیام کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی ، این ای ڈی یونیورسٹی میں قائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے رعایتی معاہدے پر عمل درآمد کی بھی منظوری دی گئی

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں