کراچی: گڈاپ ٹاؤن میں اے وی ایل سی/سی آئی اے کی کارروائی کے دوران کراچی سے چوری یا چھینی گئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بلوچستان کے حب چوکی میں فروخت کرنے والے ایک انتہائی سرگرم بین الصوبائی گینگ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایس ایس پی امجد شیخ نے تصدیق کی۔
ذرائع کے مطابق تھانہ سچل کی حدود سے چھنی گئی ایک کار، کراچی کے دیگر علاقوں سے چھینی گئی پانچ سے زائد موٹر سائیکلیں اور دو موٹر سائیکلوں کے چیسز و پارٹس برآمد ہوئے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ گینگ کا سربراہ محمد ایاز عرف ڈھولا متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث اور پولیس کو مطلوب تھا۔
ایس ایس پی کے مطابق، ملزم کو CCTV فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، جس میں اسے دکان میں ڈکیتی کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ گرفتار شدہ گروہ انتہائی سرگرم تھا اور پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔
مزید تحقیقات کے مطابق ایاز عرف ڈھولا کو موسمیات، سچل، سمیرا روڈ، سعدی ٹاؤن، گبول گوٹھ اور صفورہ سے موٹر سائیکلیں و کاریں چوری یا چھیننے، اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں پہلے بھی گرفتار کر کے جیل بھیجا جا چکا ہے۔
گرفتار ملزم کی شناخت ایاز ولد عزیز اللہ کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ مفرور ساتھیوں کی گرفتاری اور مزید گاڑیوں کی برآمدگی کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ ایس ایس پی نے کہا کہ ملزم سے مزید انٹیروگیشن جاری ہے۔