کراچی سے پہلی حج پرواز روانہ، 160 عازمین جدید سہولیات کے ساتھ حجاز مقدس پہنچیں گے

فہرستِ مضامین

کراچی: پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق کراچی سے نجی ایئرلائن پہلی حج پرواز 160 عازمین حج کو لے کر سعودی عرب کے لیے روانہ ہو گئی۔ پرواز PF-7700 علی الصبح 2 بج کر 5 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑی۔

حکام کے مطابق اس سال عازمین کو “روٹ ٹو مکہ” سہولت کے تحت جدید اور تیز رفتار امیگریشن خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، جس کے باعث سعودی عرب پہنچنے پر امیگریشن کے مراحل پہلے ہی مکمل ہونے سے وقت کی بچت ممکن ہو گی۔

پہلی حج پرواز کی افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ نہال ہاشمی نے خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے عازمین حج کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفاقی اور صوبائی وزراء بھی موجود تھے، جنہوں نے مختلف انتظامات اور سہولیات کا معائنہ کیا۔

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق تقریب کے دوران سعودی امیگریشن کاؤنٹرز کا بھی دورہ کیا گیا، جہاں فراہم کی جانے والی جدید سہولیات کو سراہا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔

اتھارٹی نے مزید بتایا کہ حج آپریشن کے دوران عازمین کو بہتر سفری تجربہ فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ایئرپورٹ پر رہنمائی، سہولت کاری اور سیکیورٹی کے اقدامات کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں