کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر محکمہ لینڈ میں غیر قانونی الاٹمنٹ اور میوٹیشن میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ حافظ مغیرہ قادری اور ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ نعمان احمد کو سروس سے برطرف کردیا گیا، جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ نعیم الحق کی ترقی تین سال کے لیے روک دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق محکمہ لینڈ میں غیر قانونی الاٹمنٹ اور میوٹیشن کے معاملے کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی گئی۔
میئر کراچی کی ہدایت پر زیرِ التوا محکمانہ انکوائریز ایک ماہ میں مکمل کرکے فیصلے کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افسران کے لیے ادارے میں کوئی جگہ نہیں، جبکہ ادارے کی بدنامی کا باعث بننے والے افسران کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ لینڈ کے ریکارڈ، الاٹمنٹ اور میوٹیشن کے معاملات کی مزید جانچ پڑتال بھی کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔
عوامی اور سرکاری اراضی کے تحفظ کے لیے غیر قانونی الاٹمنٹ اور میوٹیشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔