کراچی میں ای چالان سسٹم کے پہلے دن صرف 6 گھنٹوں میں سوا کروڑ روپے سے زائد کے چالان

فہرستِ مضامین

شہرِ قائد میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد صرف چھ گھنٹوں میں مجموعی طور پر 2 ہزار 662 الیکٹرانک چالان کیے گئے، رپورٹ کے مطابق اووراسپیڈنگ پر 419، لین لائن کی خلاف ورزی پر 3، اسٹاپ لائن خلاف ورزی پر 4 اور سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 1535 چالان کیے گئے۔

اسی طرح ریڈ لائٹ توڑنے پر 166، ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے پر 507، کالے شیشے استعمال کرنے پر 7، غلط پارکنگ پر 5، موبائل فون استعمال کرنے پر 32، اور غلط سمت میں گاڑی چلانے پر 3 چالان کیے گئے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق صرف 6 گھنٹوں میں سوا کروڑ روپے سے زائد کے چالان جاری ہوئے، جبکہ ٹیکنیکل سسٹم میں مزید بہتری لانے کا عمل جاری ہے۔

ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بارہا آگاہ کیا گیا تھا کہ ای چالان سسٹم کے تحت جدید کیمروں سے خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا رہی ہیں، اس لیے ڈرائیور حضرات احتیاط سے کام لیں۔ تاہم ابتدا ہی میں سامنے آنے والی بڑی تعداد میں خلاف ورزیوں نے شہری نظم و ضبط کی سنگین صورتحال کو واضح کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق ای چالان نظام کو بتدریج مزید علاقوں تک توسیع دی جا رہی ہے تاکہ انسانی مداخلت اور رشوت کے بغیر ایک خودکار نظام کے ذریعے ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیٹ بیلٹ باندھنے، ہیلمٹ پہننے، موبائل فون استعمال نہ کرنے اور ٹریفک سگنل کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ نہ صرف جرمانوں سے بچا جا سکے بلکہ حادثات میں بھی کمی ممکن ہو۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں