کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے ایک کیمپ پر دہشتگردوں کی جانب سے کیے گئے حملے کو سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملہ آوروں نے رینجرز کیمپ کے مرکزی دروازے پر دھماکا کرکے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم چوکس سکیورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ بھارتی حمایت یافتہ کالعدم دہشتگرد تنظیم جماعت الاحرار کے دہشتگردوں نے کیا۔ ابتدائی دھماکے کے بعد دہشتگرد کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن سکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے انہیں گھیر لیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین دہشتگرد مارے گئے، جبکہ ایک زخمی افغان دہشتگرد کو زندہ گرفتار کر لیا گیا، جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران پاکستان رینجرز سندھ کے تین بہادر جوان وطن پر جان نچھاور کرتے ہوئے شہید ہوگئے، جبکہ چار اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی فوجی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حملے کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ قومی انسداد دہشتگردی حکمت عملی “عزمِ استحکام” کے تحت ملک بھر میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔
دوسری جانب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حملے میں شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ قوم کے محافظوں کی یہ عظیم قربانیاں دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور پاکستان اپنے شہداء کے خون کا حساب ضرور لے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی کراچی میں رینجرز کیمپ پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ صدر نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے اور پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے حملے کو ناکام بنانے پر پاکستان رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ملک کے امن و استحکام کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف اپنی جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا اور ملک دشمن عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی۔