کراچی:نادرن بائی پاس کے قریب واقع ایک بڑے پلاسٹک کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ فائر بریگیڈ کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے 8 گاڑیاں اور 2 واٹر باوزر موقع پر موجود ہیں اور کارروائیاں جاری ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق گودام تقریباً دو ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے، جہاں پلاسٹک اور دیگر قابلِ آتش سامان بڑی مقدار میں موجود ہے۔ تیز ہوا کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی جس سے کارروائی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں پانی کی قلت کے باعث فائر فائٹرز کو آگ بجھانے میں دشواری ہو رہی ہے، تاہم اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ گودام ملازمین کا کہنا ہے کہ آگ رات 2 بجے لگی تھی جبکہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیر سے پہنچیں۔ ملازمین کے مطابق اگر امدادی ٹیمیں بروقت پہنچ جاتیں تو نقصان اس قدر نہ ہوتا۔