کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کی۔
دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ ایک زخمی کو تشویش ناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کیے۔ حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور جائے وقوعہ سے خول بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
دوسری جانب واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے جس میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔