کراچی میں ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے گارڈن پولیس کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنسی اور ڈالرز کی جعلسازی میں ملوث ملزم بہزاد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے جعلی پاکستانی کرنسی، جعلی ڈالرز، پی آئی اے اور این ایف کے جعلی جوائننگ آرڈرز برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس نے ملزم سے جعلی چیکس اور پلاٹ کے جعلی کاغذات بھی قبضے میں لے لیے ہیں جبکہ جعلی ڈالر بنانے کے لیے کالے کاغذ، کیمیکل اور دیگر اشیاء بھی برآمد کی گئی ہیں۔ بہزاد اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سادہ لوح شہریوں کو نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر لوٹتا تھا اور جالی جوائننگ آرڈرز فراہم کرتا تھا۔
ملزم نے کرنسی نوٹ کے درست سائز کے لیے متعدد ڈائیاں بھی تیار کی ہوئی تھیں اور چار سال سے جعلسازی کے جرائم میں ملوث تھا۔ اس کے ساتھی میڈیکل ریپ اور کال سینٹر کے کام بھی کرتے تھے۔ بہزاد کے قبضے سے کرنسی نوٹ ایک بیگ میں بھر کر رکھے گئے تھے، اور بڑی تعداد میں نوٹ کے سائز کے سفید کاغذ بھی ملے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کو شاباشی اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔