کراچی کے علاقے گارڈن میں پولیس مقابلہ، وصی اللہ لاکھوگروپ کا سرگرم کارندہ زخمی حالت میں گرفتار

فہرستِ مضامین

کراچی کے علاقے گارڈن میں علی الصبح پولیس گشت کے دوران وصی اللہ لاکھو گروپ کے کارندے سے آمنا سامنا ہوا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے فائرنگ شروع کر دی، تاہم جوابی کارروائی میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت جاسم عرف شنٹو کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے ایک پستول بمعہ راؤنڈز اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ فائرنگ کا واقعہ تھانہ گارڈن کی حدود دھوبی گھاٹ کے قریب پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ملزم بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور تھانہ بغدادی کے ایک مقدمے میں مفرور بھی تھا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم وصی اللہ لاکھو گروپ کا سرگرم کارندہ ہے اور وہ حسنین نامی ساتھی کے کہنے پر وارداتیں کرتا تھا جو اس وقت بیرونِ ملک موجود ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم اور اس کے ساتھیوں نے ماضی میں کھارادر کے علاقے میں وال چاکنگ اور فائرنگ کی واردات بھی کی تھی، جب کہ وہ پنجاب چورنگی، کینٹ اسٹیشن، محمود آباد، کھارادر، نیپئر اور کیماڑی کے علاقوں میں اسٹریٹ کرائمز میں ملوث رہا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کارروائی کرنے والی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ زخمی ملزم کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے خلاف مزید مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی جاری ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں