کراچی: کراچی ایئرپورٹ پر کسٹمز کلکٹوریٹ نے تھائی لینڈ سے بھیجی گئی 2.19 کلوگرام چرس برآمد کرکے منشیات کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ برآمد شدہ منشیات کو تھائی ریڈ ٹی (Thai Red Tea) کے لیبل والے ڈبوں میں چھپایا گیا تھا۔
ایف بی آر کے مطابق برآمد شدہ منشیات کی مالیت تقریباً 67.5 ملین روپے ہے۔ عالمی سطح پر ای کامرس میں تیزی سے اضافے کے باعث سرحد پار تجارت میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں کسٹمز کی نگرانی اور مؤثر کارروائیوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ادارہ اپنی کوششوں کے ذریعے معاشرے کو منشیات کی لعنت سے محفوظ بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔