کشمیر میں ن لیگ جیت گئی یا تنازع ابھی باقی ہے؟

فہرستِ مضامین

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔ ان کے مطابق پارٹی نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور اب عوامی مینڈیٹ کے مطابق حکومت تشکیل دی جائے گی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انتخابات مجموعی طور پر آزادانہ، شفاف اور منصفانہ ماحول میں منعقد ہوئے، جہاں ووٹرز نے بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی انتخابی نتائج ان کے خلاف جانے لگے، انہوں نے دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیا۔

رانا ثنا اللہ نے مظفرآباد شہر کی نشست کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہاں پیپلز پارٹی کے بعض کارکنوں نے ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر ہنگامہ آرائی کی، ٹائر جلائے اور پولیس پر فائرنگ بھی کی۔ ان کے مطابق واقعے میں ملوث افراد کی شناخت ہو چکی ہے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مظفرآباد کے حلقے میں پیش آنے والے واقعات کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی، جبکہ ضرورت پڑنے پر متعلقہ نشست پر دوبارہ پولنگ کے لیے بھی درخواست دی جا سکتی ہے۔

مشیرِ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے ترقیاتی وژن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جس کے نتیجے میں عوامی مینڈیٹ کے مطابق نئی حکومت قائم ہوگی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری ٹیم کی محنت اور عوام کے اعتماد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے پارٹی قائد نواز شریف کو بھی اس کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں