لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ کے ذریعے ترقی، کارکردگی اور جدید سوچ کا انتخاب کیا ہے، اس لیے انتخابی نتائج کو کھلے دل سے قبول کرنا ہی جمہوری رویہ ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں گزشتہ 18 ماہ کے دوران متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے، جبکہ سندھ میں طویل حکمرانی کے باوجود عوام آج بھی بنیادی سہولیات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کراچی میں جدید ٹرانسپورٹ کا نظام اور صفائی کی صورتحال کیوں بہتر نہیں ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا، لیکن انتخابی شکست کے بعد بعض سیاسی جماعتیں مایوسی اور ذہنی دباؤ کا شکار نظر آ رہی ہیں۔ ان کے بقول، بلاول بھٹو زرداری اپنی تقریروں میں کارکردگی کے بجائے سیاسی تنقید کو ترجیح دے رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں گرین بس منصوبہ، طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ پروگرام، جنوبی پنجاب کے لیے خصوصی ترقیاتی منصوبے، ایئر ایمبولینس سروس اور شہروں کی خوبصورتی کے اقدامات عملی طور پر جاری ہیں، جبکہ سندھ میں عوام اب بھی بنیادی سہولتوں کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی اپنی 18 سالہ حکمرانی کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھ دے تو بہت سے سوالوں کے جواب خود مل جائیں گے۔ ان کے مطابق پنجاب کی ترقی اور سندھ کی صورتحال کا موازنہ عوام خود بخوبی کر سکتے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر طنز کرتے ہوئے کہا، “کل بلاول صاحب نے پہلے کسی کا گلہ پکڑا، پھر ساری رات پیر پکڑ کر بیٹھے رہے۔” ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بیانات کے بجائے عوامی خدمت اور کارکردگی پر توجہ دینا وقت کی ضرورت ہے۔