بالی ووڈ اداکارہ اور بھارتی پارلیمنٹ کی رکن کنگنا رناوت نے امتحانی پرچہ لیک کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ اور جنریشن زی (Gen Z) کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں “جنریشن گٹر” قرار دے دیا۔
یہ ردعمل نئی دہلی میں طلبہ تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے احتجاج کے بعد سامنے آیا، جہاں پیپر لیک اسکینڈل کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا، جبکہ بڑھتے عوامی دباؤ کے بعد بھارتی وزیرِ تعلیم کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا۔
کنگنا رناوت نے انسٹاگرام اسٹوری میں احتجاج کی ویڈیوز، مظاہرین کے نعروں، پلے کارڈز اور زبان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک ہی جگہ اتنی “بدصورتی” کبھی نہیں دیکھی۔
انہوں نے لکھا کہ ان ویڈیوز کو دیکھ کر انہیں شدید ناگواری محسوس ہوئی اور مظاہرین کا اندازِ گفتگو، رویہ اور استعمال ہونے والی زبان انتہائی غیرمہذب تھی۔
اداکارہ نے سوال اٹھایا کہ آخر ان نوجوانوں کی تربیت کس انداز میں ہوئی ہے اور انہیں یہ رویہ کس نے سکھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت خوبصورت تہذیب اور ثقافت کا حامل ملک ہے، مگر کچھ نوجوان خود کو “کاکروچ” کہہ کر اسی طرزِ عمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
کنگنا نے مزید کہا کہ ان ویڈیوز نے انہیں ذہنی طور پر پریشان کر دیا، جس کے بعد انہوں نے “ڈیجیٹل ڈیٹوکس” کی ضرورت محسوس کی۔
اپنی پوسٹ کے اختتام پر انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اس نسل کو “جنریشن گٹر” کہتی ہیں کیونکہ ان کے بقول کچھ نوجوان نہ تعلیم میں نمایاں ہیں، نہ مثبت کردار ادا کر رہے ہیں اور نہ ہی معاشرے کے لیے کوئی تعمیری کردار رکھتے ہیں۔