“کوکین کوئین” پنکی سے بنی گالا کے بارے میں بیان کیوں دلاوانے چاہتے ہیں؟

فہرستِ مضامین

کیا یہ بھی سچ ہے کہ انمول عرف پنکی سے منشیات لینے والوں کی فہرست میں تقریباً 30 سیاسی شخصیات کے نام بھی شامل ہیں؟

انمول عرف پنکی نے یہ جملہ آخر کس کے لیے کہا:
“ہم تو ڈوبیں گے صنم، تم کو بھی ساتھ لے ڈوبیں گے”؟

سندھ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والی، “کوکین کوئین” کے نام سے مشہور ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی نے عدالت میں پیشی کے دوران صحافیوں کے سامنے دہائیاں دیتے ہوئے اپنی گرفتاری سے متعلق کئی راز فاش کر دیے ہیں۔

انمول عرف پنکی، جو پہلے دن بڑے رعب اور دبدبے کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئی تھی، آج جب اسے مزید ریمانڈ کے لیے عدالت لایا گیا تو اس نے عدالتی احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پہلی بار خاموشی توڑ دی۔

پہلے دن پُراعتماد نظر آنے والی انمول عرف پنکی آج کافی گھبرائی ہوئی دکھائی دی، اور اس نے چیختے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ اس پر “بنی گالا” کے حوالے سے جھوٹا بیان دلوانے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

عدالت کے باہر پہلی بار پنکی نے یہ انکشاف بھی کیا کہ اسے کراچی سے نہیں بلکہ 22 دن پہلے لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد اسے کراچی منتقل کیا گیا۔

ایک موقع پر صحافی کے سوال کے جواب میں پنکی نے کہا:
“ہم تو ڈوبے ہیں صنم، تم کو بھی ساتھ لے کے ڈوبیں گے!”

سوشل میڈیا پر پنکی کے اس جملے پر بحث چھڑ گئی ہے کہ آخر اس نے یہ بات کس کے لیے کہی، اور یہ خاموش پیغام کس کی طرف اشارہ تھا؟

پولیس ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش پنکی نے کئی اہم انکشافات کیے ہیں، جبکہ اس نے تقریباً 30 ایسے سیاستدانوں کے نام بھی لیے ہیں جو اس سے منشیات منگواتے تھے۔

اسی قسم کی بات سندھ اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بھی کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنکی سے منشیات لینے والوں کی فہرست میں اپوزیشن اراکین، شوبز شخصیات اور اداکار بھی شامل ہیں۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار نے بھی ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اسپیکر اجازت دیں تو وہ اس کیس میں شامل تمام نام بتانے کے لیے تیار ہیں۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر پنکی کو پنجاب میں گرفتار کیا گیا تھا تو اس کی گرفتاری سندھ میں کیوں ظاہر کی گئی؟ اور “بنی گالا” کا نام اچانک کہاں سے آ گیا؟ کیا یہ محض اتفاق ہے یا کسی بڑی سیاسی کھیل کی نشاندہی؟

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں