کیا آبنائے ہرمز کھلنے جا رہی ہے؟ ایران اور عمان کے درمیان بڑا معاہدہ طے پا گیا

فہرستِ مضامین

خلیجی خطے میں اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اعلیٰ سطح کے ذرائع کے مطابق ایران اور سلطنت عمان آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی سے متعلق ایک اہم معاہدے کے بنیادی خدوخال پر متفق ہو گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ معاہدے کا باضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے، تاہم اس سے قبل ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کی حتمی منظوری درکار ہوگی۔

اطلاعات کے مطابق مجوزہ معاہدہ ابتدائی طور پر 60 روز کے لیے ہوگا، جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری ٹریفک کو دوبارہ معمول پر لانا اور خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو بحال کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز میں داخل ہونے والے بحری جہاز ایران کے قریب سے گزرنے والے بحری راستے کو استعمال کریں گے، جبکہ باہر نکلنے والے جہاز عمان کی جانب واقع سمندری راستے سے گزریں گے۔ اس منصوبے میں کسی بھی جہاز پر راہداری یا سروس فیس عائد کرنے کی تجویز شامل نہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بعض علاقائی ممالک بحری راستوں سے بارودی سرنگیں صاف کرنے اور نیوی گیشن کو محفوظ بنانے کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کر سکتے ہیں تاکہ تجارتی جہازوں کی آمدورفت بلا تعطل جاری رہ سکے۔

ذرائع کے مطابق اگر یہ معاہدہ منظور ہو جاتا ہے تو امریکا اور ایران گزشتہ جون میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دوبارہ عملدرآمد شروع کریں گے، خصوصاً اس کی شق نمبر 5 کے تحت تکنیکی مذاکرات کی بحالی کا راستہ ہموار ہوگا۔

اعلیٰ سطحی ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان ثالث ممالک کے ذریعے جاری بالواسطہ سفارتی رابطے آخری مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی کی امید پیدا ہوئی ہے۔

ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے حالیہ دنوں میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے دو مرتبہ ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ رواں ہفتے کے آخر یا آئندہ ہفتے کے آغاز میں اسلام آباد کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام تہران اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والی حالیہ سفارتی پیش رفت سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو بھی آگاہ کریں گے، جس سے خطے میں پاکستان کے سفارتی کردار کو مزید اہمیت ملنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں