حویلی: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے اپنا اعتماد مسلم لیگ (ن) پر ظاہر کر دیا ہے، اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انتخابی وعدوں کو عملی شکل دی جائے۔
حویلی میں انتخابی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) 24 نشستیں حاصل کر چکی ہے، جبکہ حکومت بنانے کے لیے 23 نشستیں ہی کافی تھیں، اس لیے عوام نے واضح مینڈیٹ ن لیگ کو دیا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف انداز میں منعقد ہوئے اور ووٹروں نے نواز شریف کی قیادت اور مسلم لیگ (ن) کے منشور پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی پاکستان اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت رہی، خطے میں ترقیاتی کاموں کو فروغ ملا۔ ان کے مطابق نئی حکومت کشمیر میں بھی وہی ترقیاتی ماڈل متعارف کرائے گی جو پنجاب میں کامیابی سے نافذ کیا گیا، تاکہ عوام کو بہتر سہولیات اور جدید منصوبوں کا فائدہ پہنچ سکے۔