کیماڑی میں پولیس نے ایک ماہ قبل مچھر کالونی میں ڈکیتی کی واردات کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ڈی پی او کیماڑی ارشد آفریدی کی سربراہی میں ٹیم نے رات گئے کی کارروائی کے دوران واردات کے ماسٹر مائنڈ رئیس خان اور اس کے ساتھی رفیع اللہ کو گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق، گزشتہ ماہ ملزمان نے رکشہ سوار آصف کو لوٹنے کی کوشش کی تھی۔ مزاحمت کے دوران فائرنگ ہوئی، جس سے آصف کا 5 سالہ بیٹا سفیان زخمی ہوا تھا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا نائن ایم ایم پستول بھی برآمد کرلیا گیا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق رئیس خان نے واردات کی منصوبہ بندی کی، جبکہ رفیع اللہ نے ساتھی عدنان کے ہمراہ کارروائی کی۔ فرار ملزم عدنان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، اور مزید تفتیش کے لیے ملزمان کو انویسٹی گیشن یونٹ کے حوالے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، کیماڑی پولیس نے بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک سے منسلک لیڈی منشیات سپلائر فہمیدہ زوجہ ظہور کو بھی گرفتار کیا۔ ملزمہ حب چوکی بلوچستان سے آنے والی بس سے موچکو چیک پوسٹ پر پکڑی گئی، اور اس کے قبضے سے 3 کلو آئس برآمد ہوئی۔ ملزمہ کے خلاف اینٹی نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔