گندم ذخیرہ اندوزی پر بڑی کارروائی، محکمہ خوراک کے 5 افسران معطل

فہرستِ مضامین

سندھ کے صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے ضلع خیرپور کے محکمہ خوراک کے پانچ افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ سکھر ڈویژن کے کمشنر کی جانب سے پیش کی گئی تفصیلی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا، جس میں بعض افسران پر ذخیرہ اندوزوں سے ملی بھگت اور سرکاری کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کے سنگین الزامات سامنے آئے۔

معطل کیے جانے والے افسران میں فوڈ سپروائزر شفاعت بلوچ، ندیم احمد شیخ، خلیل احمد میمن، نصیر احمد میمن اور فوڈ انسپکٹر وحید احمد شیخ شامل ہیں۔

صوبائی وزیر کے مطابق تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ بعض افسران نے چھاپوں سے پہلے ہی ذخیرہ اندوزوں کو اطلاع دے کر گندم کے ذخائر دوسری جگہ منتقل کرانے میں مدد فراہم کی۔

مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے سہولت کار سرکاری اہلکاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، جبکہ بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

انہوں نے معطل کیے گئے پانچوں افسران کے خلاف شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر مبنی محکمانہ انکوائری کا بھی حکم دے دیا ہے۔

صوبائی وزیر خوراک نے واضح کیا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ عوام کو سستا آٹا اور گندم کی منصفانہ فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں