ہانیہ عامر کی موسیقی میں انٹری، پہلا گانا ’پابلو‘ ریلیز

فہرستِ مضامین

کراچی: پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے موسیقی کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا اور اپنا پہلا گانا ’پابلو‘ ریلیز کردیا، جسے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ مل رہی ہے۔

ہانیہ عامر نے بدھ کے روز اپنا پہلا گانا جاری کیا، جس کے بول اور دھن بھی اداکارہ نے خود ترتیب دی ہے۔ گانے کا آغاز پیانو کی دھن سے ہوتا ہے جو ہانیہ عامر کی روایتی شوخ اور خوش مزاج شخصیت سے مطابقت رکھتی ہے، تاہم کچھ ہی دیر بعد گانا پنجابی ہپ ہاپ انداز اختیار کرلیتا ہے۔

گانے میں ہانیہ عامر نے اپنے ناقدین اور مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے اپنی مقبولیت، شخصیت اور اپنے بارے میں بنائے جانے والے تاثر کا جواب دیا ہے۔

ہانیہ عامر گانے میں کہتی ہیں کہ بعض لوگ انہیں صرف اس لیے بناوٹی سمجھتے ہیں کیونکہ وہ خوبصورت ہیں، جبکہ ان کے محتاط رویے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ وہ اپنے مخالفین کے حوالے سے کہتی ہیں کہ ہم خوش رہتے ہیں جبکہ دوسرے پیچھے بیٹھ کر جلتے رہتے ہیں، ہم سکون سے ہیں اور لوگ روز کوئی نیا مسئلہ کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اداکارہ نے اپنی شہرت کا ذکر کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ مداح ہر جگہ ان کا پیچھا کرتے ہیں اور ان کا پنڈی والا انداز بھارت میں بھی دیکھا جاتا ہے۔

گانے کے ایک حصے میں ہانیہ عامر نے اپنی مصروفیات اور دوستوں کا بھی ذکر کیا اور روایتی ریپ انداز میں اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو بیان کیا۔

ہانیہ عامر کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اگلے قدم کی منصوبہ بندی میں مخالفین کی طرح مصروف نہیں بلکہ موسیقی کی دھن پر اپنی زندگی سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔ ان کے مطابق وہ زیادہ انٹرویوز بھی نہیں دیتیں، لیکن اس کے باوجود خبروں میں رہتی ہیں۔

اداکارہ نے ناقدین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کچھ دیر رکیں، سانس لیں اور یہ سمجھیں کہ ہر شخص کو اپنے اعمال کا جواب دینا ہوتا ہے، اس لیے دوسروں سے حسد کرنے کے بجائے اپنی زندگی پر توجہ دینی چاہیے۔

راکھی ساونت کی خصوصی انٹری

گانے کا اختتامی حصہ اس وقت مزید دلچسپ ہوگیا جب بھارتی ٹی وی شخصیت راکھی ساونت نے خصوصی طور پر اپنی آواز شامل کی۔

راکھی ساونت نے ہانیہ عامر کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں حوصلہ دیا اور کہا کہ وہ پریشان نہ ہوں، کیونکہ وہ خوبصورت ہیں اور ان کے چہرے پر قدرتی نور ہے۔ راکھی ساونت کے مطابق بعض لوگ ہانیہ کی خوبصورتی سے حسد کرتے ہیں۔

راکھی ساونت نے ہانیہ عامر کو شیرنی قرار دیتے ہوئے مخالفین کا بہادری سے سامنا کرنے کا پیغام بھی دیا اور کہا کہ جو شخص خوفزدہ ہوجائے، وہ گویا پہلے ہی ہار چکا ہوتا ہے۔

ہانیہ عامر کا پہلا گانا ’پابلو‘ مجموعی طور پر ان کی جانب سے تنقید اور مخالفت کا جواب دکھائی دیتا ہے، جس میں اداکارہ نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے خلاف ہونے والی باتوں سے واقف ضرور ہیں، تاہم انہیں اس کی زیادہ پروا نہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں