ہم قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

فہرستِ مضامین

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کے غیر متزلزل اظہارِ یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ آج کی تاریخ اُس دن کی یاد دلاتی ہے جب 1947 میں بھارتی افواج نے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا۔ انہوں نے 27 اکتوبر کو محض ایک تاریخ قرار دینے کی بجائے کشمیری عوام کی دہائیوں پر محیط قربانیوں، جدوجہد، جرات اور حوصلے کی علامت قرار دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے مقبوضہ کشمیر کے لوگ جبر و ناانصافی کے بوجھ تلے پسے ہوئے ہیں، تاہم کشمیریوں کا عزم اور جدوجہد آج بھی ناقابلِ تسخیر ہے۔

انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے یکطرفہ خاتمے کے بعد وادی میں نقل و حرکت، ابلاغ اور اجتماع پر سخت پابندیاں عائد ہیں، اور وہاں جعلی انکاوَنٹرز، زیرِ حراست تشدد، ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیاں مسلسل جاری ہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنے ضمیر کی آواز سنتے ہوئے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو یقینی بنائے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور یہ حمایت اُس دن تک جاری رہے گی جب تک کشمیری عوام کا آزادی اور انصاف کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو جاتا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں