ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 7 خوارج ہلاک، کیپٹن حمزہ شہید

فہرستِ مضامین

ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ آپریشن کے دوران ایک فوجی افسر کیپٹن حمزہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اگست کو ہنگو میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 7 خوارج ہلاک ہوئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد شہریوں کے قتل سمیت مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

کیپٹن حمزہ کی بہادری، جامِ شہادت نوش

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران کیپٹن حمزہ اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مسلسل تعاقب کر رہے تھے۔ شدید مقابلے کے دوران انہوں نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا اور لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مکمل کرنے کے بعد علاقے میں موجود ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وطن کے دفاع میں بہادر جوانوں کی قربانیاں قوم کے عزم اور سیکیورٹی فورسز کے دہشت گردی کے خلاف پختہ ارادے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں