بیجنگ: چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے نے اپنی نئی فلیگ شپ فولڈ ایبل اسمارٹ فون سیریز میٹ ایکس ٹی 2 متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے کمپنی چین کی پریمیم اسمارٹ فون مارکیٹ میں اپنی برتری برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔
نئی میٹ ایکس ٹی 2 سیریز کی خاص بات اس کا ٹرائی فولڈ ڈیزائن ہے۔ فون کو دو مرتبہ فولڈ اور ان فولڈ کیا جاسکتا ہے، جس کے بعد اس کی اسکرین تقریباً ٹیبلٹ کے حجم میں تبدیل ہوجاتی ہے۔
کمپنی کے مطابق نئے فون میں کِرن 9050 پرو چپ نصب کی گئی ہے، جسے کم بجلی استعمال کرتے ہوئے زیادہ کمپیوٹنگ پاور فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ہواوے کا کہنا ہے کہ نئی چپ کا ڈیزائن ’لاجک فولڈنگ آرکیٹیکچر‘ پر مبنی ہے، جو کمپنی کے ’ٹاؤ اسکیلنگ لا‘ کا حصہ ہے۔ کمپنی نے اس ٹیکنالوجی کو امریکی پابندیوں کے باعث جدید چپ ٹیکنالوجی تک محدود رسائی کے چیلنج سے نمٹنے کی کوشش کے طور پر بھی پیش کیا ہے۔
قیمت کتنی ہے؟
جدید ٹیکنالوجی اور منفرد فولڈنگ ڈیزائن کے باعث میٹ ایکس ٹی 2 کی قیمت بھی پریمیم رکھی گئی ہے۔
نئے فون کے بنیادی ماڈل کی قیمت 19 ہزار 999 چینی یوآن مقرر کی گئی ہے، جو تقریباً 2 ہزار 980 امریکی ڈالر بنتی ہے۔
سیریز کے مہنگے ترین ماڈل کی قیمت 24 ہزار 999 یوآن یعنی تقریباً 3 ہزار 725 ڈالر رکھی گئی ہے۔
میٹ ایکس ٹی 2 کی فروخت 12 ستمبر سے شروع ہوگی۔
ہواوے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رچرڈ یو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ میموری کی قیمتوں میں نمایاں اضافے اور نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے باعث فون کی قیمت مقرر کرنا کمپنی کے لیے ایک بڑا چیلنج تھا۔
فون میں کیا نیا ہے؟
نئے میٹ ایکس ٹی 2 میں گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں فولڈنگ میکانزم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ فون میں پانی سے بہتر تحفظ، پرائیویسی اسکرین اور اپ گریڈ کیے گئے کیمرہ فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
ہواوے کے اپنے ٹیسٹس کے مطابق میٹ ایکس ٹی 2 گزشتہ سیریز کے مقابلے میں مجموعی طور پر 42 فیصد بہتر کارکردگی فراہم کرتا ہے۔
ہواوے کو کن کمپنیوں سے مقابلہ ہے؟
ہواوے کی نئی ڈیوائس ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چینی ٹیکنالوجی کمپنی شیاؤمی بھی نیا فولڈ ایبل اسمارٹ فون متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جبکہ ایپل اپنی نئی آئی فون سیریز پیش کرنے والا ہے۔
مارکیٹ میں یہ قیاس بھی کیا جا رہا ہے کہ ایپل مستقبل میں فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرا سکتا ہے، جس سے پریمیم فولڈ ایبل فونز کی مارکیٹ میں مقابلہ مزید سخت ہونے کا امکان ہے۔
ہواوے اس وقت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں واحد کمپنی ہے جو ٹرائی فولڈ اسمارٹ فون بڑے پیمانے پر فروخت کر رہی ہے۔
چین کی اسمارٹ فون مارکیٹ میں ہواوے کی پوزیشن
تحقیقی ادارے آئی ڈی سی کے مطابق رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں ہواوے 22.6 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ چین کی اسمارٹ فون مارکیٹ میں پہلے نمبر پر رہی۔
اسی عرصے میں ایپل 18.1 فیصد حصص کے ساتھ دوسرے جبکہ شیاؤمی 12.4 فیصد حصص کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
فولڈ ایبل فونز کی مارکیٹ میں بھی ہواوے کی پوزیشن مزید مضبوط دکھائی دیتی ہے۔ امریکی تحقیقی ادارے اسمارٹ اینالیٹکس گلوبل کے مطابق دوسری سہ ماہی کے دوران چین میں فولڈ ایبل فونز کی مجموعی شپمنٹس میں ہواوے کا حصہ 68 فیصد رہا۔
میٹ ایکس ٹی 2 کی رونمائی کے بعد شیاؤمی کے حصص میں بھی دوپہر کی کاروباری سرگرمیوں کے دوران تقریباً 3 فیصد کمی دیکھی گئی۔
دوسری جانب ہواوے کو امریکی مارکیٹ میں اب بھی پابندیوں کا سامنا ہے۔ امریکی حکومت قومی سلامتی کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے کمپنی کی امریکی مارکیٹ تک رسائی محدود کیے ہوئے ہے۔