رپورٹ: شبیر لاشاری
کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یونیورسٹی روڈ پر جاری تعمیراتی کام میں تاخیر پر شہریوں سے معذرت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مکسڈ ٹریفک لین آئندہ تین ماہ کے اندر بحال کر دی جائے گی۔
بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ حکومت کی ترجیح ہے اور منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن کے لاٹ ٹو کے مین کوریڈور کا ٹینڈر دوبارہ جاری کیا جائے گا، جبکہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ڈی جی سے بات چیت ہو چکی ہے، جنہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ دو سے تین روز میں تعمیراتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔
مراد علی شاہ کے مطابق مکسڈ ٹریفک لین تقریباً 12 کلومیٹر طویل ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس کا کام تین ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی توقعات سندھ حکومت سے وابستہ ہیں، اس لیے منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے مزید بتایا کہ لاٹ ٹو کا ٹھیکہ چار سال قبل دیا گیا تھا، تاہم کام کا معیار تسلی بخش نہیں تھا، جس کے باعث تاخیر ہوئی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اب منصوبے کی تکمیل کی ذاتی نگرانی کی جائے گی اور عید کی تعطیلات کے دوران بھی کام جاری رکھا جائے گا تاکہ رفتار تیز کی جا سکے۔