10 سالہ محبت کا آخرکار انجام، رونالڈو نے جارجینا سے شادی کرلی

فہرستِ مضامین

عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز نے تقریباً 10 سالہ رفاقت کے بعد شادی کرلی۔

دونوں نے منگل کو پرتگال کے شہر کاسکائس میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کی، جس میں ان کے پانچ بچے بھی شریک ہوئے۔

رونالڈو نے سوشل میڈیا پر شادی کی تصدیق کرتے ہوئے جارجینا کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی، جس میں دونوں شادی کی انگوٹھیاں پہنے نظر آئے۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے مختصر کیپشن ’سی لوو جی‘ لکھا۔

فٹبالر کے نمائندے نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز اب باضابطہ طور پر میاں بیوی ہیں۔

یہ شادی گزشتہ برس ہونے والی منگنی کے تقریباً ایک سال بعد ہوئی ہے۔ جارجینا نے اس وقت منگنی کی انگوٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے شادی کے لیے رضامندی کا اظہار کیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق اس انگوٹھی کی مالیت تقریباً 15 لاکھ پاؤنڈ، یعنی لگ بھگ 20 لاکھ ڈالر بتائی گئی تھی۔

پہلی ملاقات سے شادی تک

رونالڈو اور جارجینا کی پہلی ملاقات 2016 میں اسپین کے شہر میڈرڈ میں ہوئی، جہاں جارجینا ایک معروف فیشن برانڈ کے اسٹور پر کام کرتی تھیں۔ دونوں نے اگلے برس اپنے تعلق کو عوامی سطح پر تسلیم کیا۔

اس جوڑے کی دو بیٹیاں، الانا مارٹینا اور بیلا ایسمرالڈا ہیں۔ جارجینا رونالڈو کے دیگر تین بچوں، کرسٹیانو جونیئر، ایوا اور میٹیو کی پرورش میں بھی اہم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔

2022 میں دونوں نے بتایا تھا کہ جڑواں بچوں کی پیدائش کے دوران ان کا بیٹا اینجل انتقال کرگیا، جبکہ ان کی بیٹی بیلا صحت مند رہی۔

رونالڈو اور جارجینا کی شادی کی خبریں کئی برسوں سے گردش میں تھیں۔ 2024 میں رونالڈو کی جانب سے جارجینا کو ایک گفتگو کے دوران اپنی ’بیوی‘ کہنے کے بعد ان قیاس آرائیوں میں مزید اضافہ ہوا، تاہم اس وقت ان کی شادی کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

اب تقریباً ایک دہائی پر محیط محبت اور رفاقت کے بعد دونوں نے اپنی زندگی کا نیا باب بطور شوہر اور بیوی شروع کردیا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں