13 سال بعد کسی پاکستانی وزیرِ خارجہ کا پہلا سرکاری دورہ بنگلادیش، اسحاق ڈار ڈھاکا پہنچ گئے

فہرستِ مضامین

ڈھاکا ( ویب ڈیسک )  ڈپٹی وزیرِ اعظم اسحاق ڈار ہفتہ کے روز ایک دو روزہ سرکاری دورے پر ڈھاکہ پہنچے۔ یہ گزشتہ 13 برسوں میں کسی پاکستانی وزیرِ خارجہ کا بنگلہ دیش کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ اپنے دورے کے آغاز پر انہوں نے بنگلہ دیش کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

گزشتہ سال اگست میں عوامی بغاوت کے نتیجے میں وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد، پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، خاص طور پر تجارت اور دوطرفہ تعاون کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اسحاق ڈار 23 سے 24 اگست کے دوران بنگلہ دیش کی حکومت کی دعوت پر “اہم سرکاری دورہ” کر رہے ہیں۔

ڈھاکہ آمد پر ان کا استقبال بنگلہ دیش کے سیکرٹری خارجہ اسد عالم سیام، پاکستان کے ہائی کمشنر برائے بنگلہ دیش عمران حیدر، بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر برائے پاکستان محمد اقبال خان اور پاکستان ہائی کمیشن کے دیگر اہلکاروں نے کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ “دورے کے دوران، ڈپٹی وزیرِ اعظم بنگلہ دیش کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس، مشیر برائے امورِ خارجہ محمد توحید حسین، اور مشیر برائے تجارت ایس کے بشیر الدین شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق، ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

نیشنل سٹیزن پارٹی اور جماعت اسلامی سے ملاقاتیں

ڈپٹی وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے نیشنل سٹیزن پارٹی (NCP) کے وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت جنرل سیکرٹری اختر حسین کر رہے تھے۔ انہوں نے پارٹی کی اصلاحات اور سماجی انصاف کے وژن کو سراہا اور پاکستان و بنگلہ دیش کے نوجوانوں کے درمیان بڑھتی ہوئی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔

وفد نے 2024 میں ملک گیر سیاسی تحریکوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق، دونوں فریقین نے ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی بات کی۔

بعد ازاں، اسحاق ڈار نے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے وفد سے بھی ملاقات کی، جس کی قیادت نائب امیر ڈاکٹر سید عبداللہ محمد طاہر کر رہے تھے۔

دفتر خارجہ کے مطابق، “پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں اور خطے کی حالیہ پیش رفت پر گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی وزیرِ اعظم نے جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کی مشکلات کے باوجود ثابت قدمی اور ہمت کو سراہا۔

دورہ تاریخی سنگِ میل قرار

دفتر خارجہ نے اسحاق ڈار کے دورہ بنگلادیش کو تاریخی قرار دیا،  سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر ترجمان دفتر خارجہ نے لکھا کہ یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ تقریباً 13 سال بعد کوئی پاکستانی وزیرِ خارجہ بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ آخری مرتبہ نومبر 2012 میں اُس وقت کی وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر نے بنگلہ دیش کا چھ گھنٹے کا دورہ کیا تھا، جس کا مقصد اس وقت کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کو اسلام آباد میں ہونے والی سربراہی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینا تھا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں