27 ستمبر کا لانگ مارچ ملتوی، 5 اکتوبر کو ہوگا

فہرستِ مضامین

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27 ستمبر کو ہونے والا لانگ مارچ مؤخر کرکے 5 اکتوبر کو کرنے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع کے مطابق فیصلہ پشاور میں ہونے والے پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موجودہ حساس صورتحال کے پیش نظر لانگ مارچ کی تاریخ آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ تاہم فیصلے کا باضابطہ اعلان محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بیرسٹر گوہر سے درخواست کی کہ وہ دونوں رہنماؤں سے ٹیلیفون پر رابطہ کریں، تاہم بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خود ان سے بات کریں۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی خود رابطہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں یہ مؤقف بھی سامنے آیا کہ موجودہ حالات حساس ہیں، اس لیے لانگ مارچ کی تاریخ فی الحال مؤخر کرنا مناسب ہوگا۔

دوسری جانب اس سے قبل پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا تھا کہ لانگ مارچ ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور تحریک انصاف احتجاج کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

شوکت یوسفزئی کے مطابق لانگ مارچ پُرامن ہوگا اور اس میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت مذاکرات کرتی ہے تو لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی فیصلہ ممکن ہے، تاہم کچھ حاصل کیے بغیر احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا تھا کہ راستوں پر کنٹینرز ہٹانے کی ضرورت نہیں، جہاں راستہ بند کیا جائے گا، وہیں دھرنا دیا جائے گا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں