لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے لانگ مارچ مؤخر کیے جانے کے حوالے سے بیک ڈور رابطوں کی خبروں کو مسترد کردیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ کسی خفیہ یا پسِ پردہ رابطے کے باعث ملتوی نہیں کیا گیا بلکہ یہ پارٹی کا اپنا فیصلہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ مؤخر کرنے کے بعد حکومت کی جانب سے مذاکرات کے حوالے سے اب تک کوئی واضح اشارہ نہیں ملا، تاہم حکومت کو مزید وقت اس لیے دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرسکے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کے ساتھ کوئی بات چیت ہوتی ہے تو اس کے لیے علامہ ناصر عباس اور محمود اچکزئی موجود ہیں۔ ان کے بقول رابطہ کاری ہمیشہ فوری طور پر منظرِ عام پر نہیں آتی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی تازہ لہر اس بات کی متقاضی ہے کہ تمام فریق مل بیٹھ کر بات کریں۔ مذاکرات کے نتیجے میں کوئی فیصلہ سامنے آیا تو پی ٹی آئی اس کی پاسداری کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کا مطالبہ بدستور یہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال منتقل کیا جائے۔