بالی وڈ کے شہنشاہ اور لیجنڈری اداکار Amitabh Bachchan امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ 83 برس کی عمر میں بھی کام کے حوالے سے ان کی فکر اور ذمہ داری کا احساس اتنا زیادہ ہے کہ کئی بار پوری پوری رات نیند نہیں آتی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط شاندار فنی سفر کے باوجود امیتابھ بچن آج بھی اپنے کام کے معیار کو لے کر بے حد حساس ہیں اور ہر نئے منصوبے میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
اپنے ذاتی بلاگ میں انہوں نے لکھا کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ کسی منظر کی عکسبندی مکمل کرنے کے بعد انہیں محسوس ہوتا ہے کہ وہ اسے مزید بہتر انداز میں انجام دے سکتے تھے۔ اگر موقع ملے تو وہ دوبارہ منظر فلمبند بھی کر لیتے ہیں، لیکن اس کے باوجود ذہن میں یہ سوال گردش کرتا رہتا ہے کہ آیا نئی پیشکش واقعی پہلے سے بہتر ہوئی یا نہیں۔
انہوں نے لکھا کہ یہی خیالات رات گئے تک ان کا پیچھا کرتے رہتے ہیں اور کئی مرتبہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ پوری رات گزر جاتی ہے مگر آنکھوں میں نیند نہیں آتی۔
امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ معالجین روزانہ کم از کم سات گھنٹے آرام کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، لیکن بعض اوقات کام سے وابستگی اور ذمہ داری کا احساس نیند پر بھی غالب آ جاتا ہے۔
سینئر اداکار نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ چوبیس گھنٹے ایک دن کے لیے ناکافی محسوس ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر دن کو چھتیس گھنٹوں تک بڑھا دیا جائے تو شاید کچھ کام مکمل ہو سکیں، لیکن پھر زندگی کا فلسفہ مزید وقت کا تقاضا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی بہت کچھ سیکھنا اور کرنا باقی ہے۔
ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق امیتابھ بچن اس وقت کئی فلمی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ ان میں سائنسی فکشن فلم Kalki 2898 AD “کَلکی 2898 اے ڈی” کا دوسرا حصہ بھی شامل ہے۔
فلم کے آئندہ حصے میں امیتابھ بچن ایک بار پھر اشوتتھاما کا کردار ادا کریں گے، جبکہ فلم میں Prabhas پربھاس اور Kamal Haasan کمل ہاسن مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔ اس فلم کی ہدایت کاری Nag Ashwin ناگ اشون کر رہے ہیں۔