پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر صائم ایوب کو آل رائونڈر کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیدیا گیا۔
امریکہ کے شہر لاوڈرہل میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔
صائم ایوب نے 38 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے
پاکستان کی جانب سے اوپنر صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔ فخر زمان نے 28، حسن نواز نے 24 اور فہیم اشرف نے 15 رنز اسکور کیے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمر جوزف نے 4 اوورز میں 30 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ جیسن ہولڈر، عقیل حسین اور روماریو شیفرڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 164 رنز ہی بنا سکی
ویسٹ انڈیز کی اوپننگ پارٹنرشپ نے 72 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن محمد نواز نے ایک ہی اوور میں دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے میچ کا رخ موڑ دیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جانسن چارلس اور جیول اینڈریو نے 35، 35 رنز بنائے، جبکہ جیسن ہولڈر نے 30 اور شمر جوزف نے 21 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔
پاکستان کی طرف سے محمد نواز نے تین اور صائم ایوب نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔صائم ایوب کو شاندار آل راؤنڈر کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پاکستان 21 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سے 15 میں کامیابی حاصل کر چکا ہے
اب تک پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے پاکستان نے 15 میں فتح حاصل کی ہے۔ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکی۔ ویسٹ انڈیز نے صرف 3 میچز جیتے جبکہ باقی 3 میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 3 اگست کو اور سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 4 اگست کو امریکہ کے شہر لاوڈرہل میں کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز بھی شیڈول ہے۔ پہلا ون ڈے میچ 8 اگست کو ٹرائوبا کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 10 اگست اور تیسرا و آخری ون ڈے 12 اگست کو کھیلا جائے گا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد پاکستان، متحدہ عرب امارات اور افغانستان کے خلاف سہ ملکی سیریز کھیلے گا، جس کی تمام میچز شارجہ (متحدہ عرب امارات) میں ہوں گی۔