دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز مد مقابل

فہرستِ مضامین

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ کل امریکہ کے شہر لارڈر ہل میں کھیلا جائے گا۔ پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستانی ٹیم کے اسکواڈ میں کپتان سلمان علی آغا، ابرار احمد، فہیم اشرف، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی قیادت شَے ہوپ کر رہے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں وکٹ کیپر بیٹسمین ایلک اَتھنیز، کیک کارٹی، روسٹن چیز، میتھیو فورڈ، جیسن ہولڈر، عقیل حسین، شَمر جوزف اور شرفین ردرفورڈ شامل ہیں۔

تین میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔

پہلے میچ میں پاکستان کامیاب

امریکہ کے شہر لارڈر ہل میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے، فخر زمان نے 28، حسن نواز نے 24 اور فہیم اشرف نے 15 رنز اسکور کیے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شَمر جوزف نے 4 اوورز میں 30 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جیسن ہولڈر، عقیل حسین اور روماریو شیفرڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی۔ ویسٹ انڈیز کے اوپنرز نے شاندار آغاز فراہم کیا اور ٹیم کو 72 رنز کا آغاز دیا، مگر محمد نواز نے ایک ہی اوور میں دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جانسن چارلس اور جیول اینڈریو نے 35، 35 رنز بنائے اور نمایاں رہے، جیسن ہولڈر نے 30 اور شَمر جوزف نے 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 اور صائم ایوب نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین صائم ایوب کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی (مین آف دی میچ) قرار دیا گیا۔

پاکستان، ویسٹ انڈیز کے خلاف 15 میچز میں فاتح

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اب تک 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے پاکستان نے 15 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھائی، 21 میچز میں سے ویسٹ انڈیز صرف 3 میچز جیت سکا ہے، جبکہ باقی تین میچز بغیر نتیجے کے ختم ہوئے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز بھی طے ہے۔ پہلا ون ڈے میچ 8 اگست کو جمعہ کے دن ٹرائوبا کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا دوسرا میچ 10 اگست کو اور تیسرا و آخری ون ڈے میچ 12 اگست کو کھیلا جائے گا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد پاکستان متحدہ عرب امارات اور افغانستان کے خلاف سہ ملکی سیریز کھیلے گا۔ سہ ملکی سیریز کے تمام میچز متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں ہوں گے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں