کراچی /مانچسٹر ( ویب نیوز ) پاکستان کرکیٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین حیدر علی کو برطانیہ میں زیادتی کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا، تاہم بعد میں انہیں ضمانت پر رہائی مل گئی، تاہم وہ تحقیقات مکمل ہونے تک برطانیہ نہیں چھوڑ سکتے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی کو گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے اور ضمانت پر رہائی کے بعد عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حیدر علی سے متعلق متعدد خبر رساں اداروں کی جانب سے یہ خبر سامنے آئی کہ انھیں مانچسٹر پولیس کی جانب سے ایک خاتون کی شکایت پر حراست میں لیا گیا۔
ایک خبر رساں ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’4 اگست 2025 کو خاتون کی جانب سے شکایت کرنے کے بعد ایک 24 سالہ شخص کو گرفتار کیا۔
اس حوالے سے گریٹر مانچسٹر پولیس نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ 23 جولائی 2025 کو مانچسٹر کے ایک علاقے میں پیش آیا۔ تاہم گرفتار ہونے والے شخص (حیدر علی) کو مزید پوچھ گچھ تک ضمانت دے دی گئی ہے۔ تاہم وہ تحقیقات مکمل ہونے تک برطانیہ نہیں چھوڑ سکتے۔
حیدر علی معطل
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے حیدر علی کی گرفتاری کے بعد ایک بیان جاری کیا، جس میں انہیں معطل کرنے کے حوالے سے بتایا گیا۔
پی سی بی کے مطابق گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے کرکٹر حیدر علی کے خلاف کی جانے والی مجرمانہ تحقیقات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ یہ تحقیقات پاکستان شاہینز کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے سے متعلق ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا کہ حیدر علی کے خلاف گریٹر مانچسٹر پولیس تفتیش کر رہی ہے اور قومی کرکٹر کو پی سی بی کی جانب سے قانونی معاونت فراہم کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی برطانیہ کے قانونی طریقہ کار کا مکمل احترام کرتا ہے اور اس کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔ پی سی بی نے حیدر علی کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قانونی کارروائی مکمل ہونے اور تمام حقائق سامنے آنے کے بعد پی سی بی اپنے ضابطہ اخلاق کے تحت مناسب کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ جب تک قانونی عمل اپنے اختتام تک نہیں پہنچ جاتا، پی سی بی اس معاملے پر مزید تبصرہ نہیں کرے گا۔‘
حیدر علی جارح مزاج بیٹسمین
24 سالہ حیدر علی نے یکم ستمبر 2020 کو بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ انہوں نے پہلا ون ڈے میچ زمبابوے کے خلاف کھیلا جبکہ انگلینڈ کے خلاف اپنے کیریئر کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا۔ تاہم 2022 کے بعد سے انہیں زیادہ مواقع نہیں دیے۔
حیدر علی نے 35 ٹی 20 میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، انہوں نے تین نصف سینچریز کی مدد سے 505 رنز بنائے، جبکہ کے حیدر علی نے پاکستان کی طرف سے صرف 2 ون ڈی میچز کھیلے گئے ہیں۔
حیدر علی مجموعی طور پر 164 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں، 156 چھکوں کی مدد سے انہوں 3141 رنز بنائے، ان کا انفرادی بہترین اسکور 91 ہے، انہیں جارح مزاج بیٹر سمجھا جاتا ہے۔