کراچی (رپورٹ: ذیشان حفیظ بلوچ) سندھ کی نامور گلوکارہ اور فوک سنگر صنم ماروی نے آرٹس کونسل کراچی اور جناح میونسپل اسٹیڈیم سکھر کے صدر احمد شاہ کے خلاف تعصب ، تذلیل اور توہین کے الزامات لگاتے ہوئے 5 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔
صنم ماروی کے وکیل کی جانب سے بھیجے گئے لیگل نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ احمد شاہ نے 10 اگست کو سکھر کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے جشن آزادی کے پروگرام میں نسلی امتیاز کی بنیاد پر صنم ماروی کو اسٹیج پر آنے کی اجازت نہیں دی۔
قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ احمد شاہ نے صنم ماروی کے اسٹیج پر دیر سے آنے پر برا بھلا کہا اور اسٹیج پر آنے سے روکنے کے لیے انہیں دھکے بھی دیے گئے اور ان کی توہین کی گئی۔
صنم ماروی کو پروگرام میں پرفارم کرنے نہیں دیا گیا؟
قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پروگرام میں شرکت کے لیے مدعو کیے جانے کے باوجود صنم ماروی کو جان بوجھ کر ڈیڑھ گھنٹے تک نیشنل اسٹیڈیم میں داخلے سے روکا گیا اور جب وہ تاخیر سے اسٹیج پر پہنچیں تو انہیں پرفارم کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
قانونی نوٹس میں یہ سنگین الزام بھی لگایا گیا ہے کہ صنم ماروی کے ساتھ یہ ہتک آمیز سلوک صرف اس بنیاد پر کیا گیا کہ وہ ایک سندھی فنکارہ ہیں، نوٹس کے مطابق احمد شاہ کے اس رویے سے صنم ماروی کے وقار کو ٹھیس پہنچی اور ان کی ساکھ بھی متاثر ہوئی۔
قانونی نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ صنم ماروی اپنے بینڈ کے ساتھ پرفارم کرنے نیشنل اسٹیڈیم سکھر پہنچی تھیں اور انہیں لسانی امتیاز کی بنیاد پر پرفارم کرنے سے روکا گیا۔
احمد شاھ معافی مانگیں اور 5 کروڑ کا ہرجانہ ادا کریں

صنم ماروی کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ احمد شاہ اپنے اس مذموم فعل پر ان سے سرعام معافی مانگیں اور 5 کروڑ روپے ہرجانہ بھی ادا کریں۔
قانونی نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر احمد شاہ نے معروف گلوکارہ صنم ماروی سے سرعام معافی نہیں مانگی اور 5 کروڑ روپے ہرجانے کی ادائیگی نہیں کی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
صنم ماروی کا کہنا ہے کہ انہیں سندھی فنکارہ ہونے کی سزا ملی ہے۔ سکھر کے پروگرام میں میری پرفارمنس پہلے سے طے تھی، لیکن مجھ سے پہلے استاد راحت فتح علی خان کو موقع دیا گیا اور پھر اسٹیج پر آنے سے روک دیا گیا۔
احمد شاھ کا صنم ماروی کے الزامات پر ردعمل
آرٹس کونسل کراچی اور جناح میونسپل اسٹیڈیم سکھر کے صدر احمد شاہ نے معروف گلوکارہ صنم ماروی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنم ماروی پروگرام میں ڈھائی گھنٹے لیٹ آئیں۔
انہوں نے کہا کہ صنم ماروی کو دیر سے آنے کی وجہ سے پرفارم کرنے کے لیے سٹیج پر نہیں بلایا گیا۔ احمد شاہ نے کہا کہ صنم ماروی ایک فنکارہ ہیں اور انہیں پیشہ ورانہ انداز اپنانا چاہیے۔
احمد شاہ نے کہا کہ قانونی نوٹس میں صنم ماروی کی جانب سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنم ماروی کے قانونی نوٹس کا قانون کے مطابق جواب دیں گے۔