بشریٰ انصاری کو امیتابھ بچن کی جراب اور لتا منگیشکر کی ساڑھی کے بارے میں بیان گلے پڑ گیا

فہرستِ مضامین

سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کو بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی جراب اور آنجہانی گلوکارہ لتا منگیشکر ساڑھی کے بارے میں بات کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، صارفین ان کے بیان کو سستی شہرت حاصل کرنے کا طریقہ قرار دے رہے ہیں۔

بشریٰ انصاری اور ان کی بہن اسما عباس  حال ہی میں  ایک پاکستانی ٹی وی کے پنجابی پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئی تھیں، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر باتیں کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے ملکہ ترنم نورجہاں کی ساڑھی پہننے سے متعلق بھی بات کی اور بتایا کہ انہوں نے میڈم نورجہاں کی بیٹیوں سے اپیل کی کہ وہ انہیں ملکہ ترنم کی کوئی ساڑھی دے دیں۔

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ ان کی فرمائش پر ملکہ ترنم کی بیٹیوں نے انہیں دو ساڑھیاں دیں، جس میں سے ایک ساڑھی پر مٹی لگی ہوئی تھی اور انہوں نے مذکورہ ساڑھی کو پلاسٹک کی پیکنگ میں محفوظ کرکے رکھ دیا۔

لتا منگیشکر کی وہ ساڑھی بھی پہنوں گی، جس سے پونچھہ مارا گیا ہو

بشریٰ انصاری کے مطابق انہوں نے ملکہ ترنم نورجہاں کی پہنی ہوئی ایک ساڑھی پہنی بھی تھی، جس پر ان کی تعریفیں ہوئیں اور ان کے ایک دوست نما مداح نے ان سے شکوہ کیا کہ انہوں نے ملکہ ترنم کی ساڑھی پہنی لیکن لتا منگیشکر کی نہیں پہنی.

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مداح نما دوست کے شکوے  پر انہوں نے انہیں کہا کہ وہ تو چاہتی ہیں کہ کوئی انہیں لتا منگیشکر کی ساڑھی لاکر دے۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ انہیں بےشک لتا منگیشکر کی وہ ساڑھی لاکر دی جائے، جس سے ان کے اہل خانہ نے پونچھا مارا ہو، وہ اس ساڑھی کو بھی پہن لیں گی۔

چاہتی ہوں کوئی امیتابھ بچن کی ایک جراب بھی لا کر دے

اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعد ازاں لتا منگیشکر بیچاری فوت ہی ہوگئی، جبکہ انہوں نے مداح نما دوست سے کہا کہ وہ تو چاہتی ہیں کہ کوئی انہیں امیتابھ بچن کی ایک جراب  بھی لاکر دے۔

بشریٰ انصاری کے مطابق انہوں نے مداح نما دوست کو کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ انہیں کوئی امیتابھ بچن کی دو نہیں بلکہ ایک ہی جراب بھی لاکر دے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی جانب سے امیتابھ بچن کی ایک جراب کی فرمائش پر ان کے مداح نما دوست ہنس پڑے۔

بشریٰ انصاری کو لتا منگیشکر کی ساڑھی اور امیتابھ بچن کی جراب کے حوالے سے دیے گئے مذکورہ بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے آڑے ہاتھوں لیا ہے، ان پر توجہ حاصل کرنے اور سستی شہرت حاصل کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔

تاہم زیادہ تر صارفین نے لکھا ہے کہ  بشریٰ انصاری خود ایک لیجنڈ اداکارہ ہیں، انہیں اس طرح کی چھوٹی باتیں کر کے اپنا قد نہیں گھٹانا چاہیے

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں