پنجاب میں سیلابی پانی سے تباھی، پانی لاہور شہر میں داخل

فہرستِ مضامین

کراچی/لاہور ( ڈبلیو ٹی این مانیٹرنگ ) پنجاب کے تین بپھرے دریاوں راوی، چناب اور ستلج نے تباھی مچادی ہے، کئی علاقے بدستور پانی کی لپیٹ میں ہیں، سیلابی پانی لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی داخل ہوگیا ہے۔

بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے اور مون سون کی بارشوں کے بعد پنجاب میں دریاوں کے آس پاس شہر، دیھات اور گلی محلے دریا کا منظر پیش کر رہے ہیں، لوگوں کے گھر اجڑ گئے ہیں، انفرا اسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

حکام کے مطابق وزیر آباد، قصور، نارووال، حافظ آباد، کمالیہ، منڈی بھاؤ الدین، بہاول نگر، سیالکوٹ، سرگودا، وہاڑی اور پاک پتن سمیت کئی علاقوں میں دیھات زیر آب آگئے ہیں اور کئی علاقوں کا زمینی رابطہ کٹ گیا ہے، کئی مقامات پر عارضی بند بھی ٹوٹ گئے ہیں

جھنگ شہر کو بچانے کے لیے دھماکے سے شگاف

دریائے چناب کا پانی جھنگ چنیوٹ روڈ پر آگیا اور سڑک ڈوب گئی، جھنگ شہر کو بچانے کے لیے ریواز برج کے قریب دھماکے سے شگاف لگادیا گیا، شگاف ڈالنے کے لیے بارودی مواد بچھایا گیا، 5 کلو میٹر کا ریلوے ٹریک بھی متاثر ہوا۔

این ڈی ایم اے کا الرٹ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے خبردار کیا ہے کہ دریائے ستلج پر واقع گنڈا سنگھ والا بیراج میں غیر معمولی سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 50 ہزار کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے اور مسلسل بڑھ رہا ہے۔

اتھارٹی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ  بارشوں اور بھارت کی جانب سے ممکنہ طور پر مزید پانی چھوڑنے کے باعث بہاؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، تمام متعلقہ ادارے اور ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

پنجاب میں مون سون کی نویں لہر کا آغاز

پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) کے ایک بیان کے مطابق مون سون کی نویں لہر کا آغاز ہو گیا ہے، اور یکم ستمبر تک موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق جن علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں ان میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، سیالکوٹ اور نارووال شامل ہیں، اس کے علاوہ  حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پنجاب کے ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے متعلقہ حکام اور اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک امداد کا اعلان

ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتو کانڈا نے اعلان کیا ہے کہ ادارہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی امداد کے لیے 30 لاکھ ڈالر کا ہنگامی گرانٹ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ وفاقی حکومت اس کی درخواست کرے۔

ایک پریس ریلیز کے مطابق، یہ امداد  اے ڈی بی کے ایشیا پیسیفک ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ سے فراہم کی جائے گی تاکہ ریلیف سرگرمیوں میں مدد دی جا سکے۔

پاکستان کے دورے پر موجود مساتو کانڈا نے کہا کہ پاکستان اس وقت تباہ کن سیلاب کا سامنا کر رہا ہے، جس نے ہزاروں خاندانوں اور کمیونٹیز کو متاثر اور بے گھر کر دیا ہے۔ ایسے وقت میں اے ڈی بی پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا جب آفات آتی ہیں، تو ہم فوری ردِ عمل دیتے ہیں تاکہ متاثرہ کمیونٹیز باعزت طریقے سے دوبارہ کھڑی ہو سکیں۔ یہ ہنگامی امداد پاکستان کے عوام کے ساتھ ہمارے پائیدار عزم کی عکاسی ہے۔

ایرانی صدر کا وزیراعظم سے رابطہ

ایرانی صدر نے سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کی مدد کی جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف کو ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پژشکیان کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی، جس میں انہوں نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں جاری سیلابی صورتحال پر پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر پژشکیان کا شکریہ ادا کیا اور ایران کی جانب سے یکجہتی کے اظہار کو ایک برادرانہ اور قابلِ قدر جذبہ قرار دیا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں