بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان کے زیر ا ثر کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش۔ نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا ، میٹروول، بلدیہ ٹاؤن اور بفر زون میں بارش ہوئی ۔بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
صحرائے تھرکا شہر اسلام کوٹ سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بادل جم کر برسے، بارش کے بعد سڑکیں سیلاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنےکا امکان ہے۔
ملک بھر میں بارش اور موسم سرما کی پہلی برفباری
ملک کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔
اسلام آباد ، راولپنڈی ، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات گئے بادل جم کر برسے۔جس کے بعد موسم خوشگوارہوگیا۔نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ بارش کے باعث سیلاب متاثرین کی مشکلات میں بھی اضافہ ہونے لگا۔
ادھر خیبر پختوا کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔درجہ حرارت میں کمی اور موسم سرد ہوگیا۔
خیبر پختونخوا کے بالائی علاقے کالام اور مالم جبہ کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری نے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کردی۔۔