کراچی:ڈیری فارمرز اور انتظامیہ کے درمیان تنازع شدت اختیار کر نے لگا، ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ نے نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری نہ کیا تو وہ دودھ کی فی لیٹر قیمت 300 روپے تک بڑھا دیں گے۔
قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پانچ رکنی کمیٹی قائم
کمشنر کراچی نے دودھ کا معیار چیک کرنے کے لیے پانچ رکنی کمیٹی قائم کر دی
کمیٹی سات روز میں کمشنر کراچی کو رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی دودھ کی قیمتوں کے تعین اور کوالٹی کنٹرول کےلئے قائم کی گئی ہے
کمیٹی کے ارکان میں ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی باسط عباسی ,ڈائریکٹر پی ایس کیو سی اے اور کیو سی سی ڈاکٹر طاہرہ ظہیر صدر، کنزیومر پروٹیکشن کونسل شکیل بیگ، صحافی غیاث الدین اور کراچی دودھ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ عبدالوحید گدی شامل ہیں ۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق کمیٹی کراچی بھر سے فارمرز ہول سیلرز اور ریٹیلرز کی سطح پر دودھ کے 50 نمونے جمع کرے گی۔، سندھ فوڈ اتھارٹی نمونے جمع کرنے کے دوران کمیٹی کو ضروری مدد فراہم کرے گی۔ دودھ کے ہر پوائنٹ سے تین نمونے جمع کئے جائیں گے۔
تمام نمونوں کی جانچ پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) میں کی جائے گی۔لیبارٹری ٹیسٹنگ اور نمونے لینے کے کام پر آنے والے اخراجات اجتماعی طور پر دودھ کے فار مرز ہول سیلرز اور ریٹیلرز برداشت کر یں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نمونے جمع کرنے کے کام میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اپنے اپنے علاقوں میں نمونے جمع کرنے کے دوران کمیٹی کو مدد فراہم کریں گے ۔نمو نوں کی ٹیسٹنگ رپورٹ ایک ہفتہ میں کمشنر کو پیشِ کی جاے گی۔