پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ دستخطوں میں تضاد کا اعتراض لگا کر منظور کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ کی جانب سے دو الگ استعفے موصول ہوئے، جن پر موجود دستخطوں میں واضح فرق پایا گیا۔ فیصل کریم کنڈی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ دونوں استعفوں پر علی امین گنڈا پور کے دستخط ایک جیسے نہیں، جس کے باعث استعفیٰ منظور نہیں کیا جا سکتا۔
گورنر نے استعفوں کی تصدیق کے لیے علی امین گنڈا پور کو ذاتی حیثیت میں 15 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے گورنر ہاؤس طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں آج نئے قائد ایوان کا انتخاب بھی ہو رہا ہے، جس کے لیے چار امیدوار میدان میں ہیں اور ان کے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔