راولپنڈی میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیر حافظ سعد حسین رضوی، 21 عہدیداروں اور 35 نامعلوم افراد کے خلاف دہشتگردی، قتل کی کوشش اور سرکاری کام میں مداخلت کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق پابندی اور دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود ٹی ایل پی کارکنان نے چک بیلی روڈ پر احتجاج کیا اور سڑک بلاک کر دی۔ احتجاج کے دوران پولیس پر سیدھی فائرنگ کی گئی، آنسو گیس کے شیلز اور سرکاری سامان بھی چھین لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کے پاس کلاشنکوف، پٹرول بم اور لوہے کی سلاخیں تھیں، جبکہ فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ مقدمہ سب انسپکٹر نجيب اللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
حکام نے مزید کہا ہے کہ گرفتاریاں اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔